سعودی عرب نے مشکل وقت میں مدد کرتے ہوئے مزید ایک ارب ڈالر پاکستان بھجوا دیئے
April 21, 2026
0
سعودی عرب نے مشکل وقت میں مدد کرتے ہوئے مزید ایک ارب ڈالر پاکستان بھجوا دیئے۔ تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کو سعودی عرب کی وزارت خزانہ کی جانب سے مزید ایک ارب ڈالرز کے فنڈ موصول ہوچکے ہیں، یہ رقم سعودی حکومت کی طرف سے اعلان کردہ 3 ارب ڈالرز ڈپازٹ کی دوسری قسط ہے، سعودی عرب سے 15 اپریل کو 2 ارب ڈالر پہلے ہی موصول ہو چکے ہیں، اس کے ساتھ ہی سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو یقین دہانی کروائی گئی 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کی منتقلی مکمل ہوگئی۔
اس حوالے سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا تھا کہ سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر جلد پاکستان کو مل جائیں گے، اس کیلئے ہماری سعودی وزیر خزانہ سے تفصیلی گفتگو ہوئی، اس سے پہلے بھی اسلام آباد میں سعودی وزیرخزانہ سے گفتگو ہوئی تھی، 3 ارب کی سپورٹ اضافی ڈپازٹس کی صورت میں ادا کی جارہی ہے، ہم نے پچھلے ہفتے 1.4بلین ڈالر کی ادائیگیاں کی ہیں، تمام ادائیگیاں وقت پر کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب یہ سالانہ رول اوور کے بجائے 2028ء تک اس کی میچورٹی جائے گی، سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں، سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان اور سعودی وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو گزشتہ ہفتے 2 ارب ڈالر ڈپازٹس 45 کروڑ سود کے ساتھ ادا کیے تھے جبکہ متحدہ عرب امارات کے ایک ارب ڈالر کی ادائیگی 23 اپریل کو ہونی ہے۔
